کاراکاس(امریکی جیولوجیکل سروے، رائٹرز)وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1430 ہو گئی ہے، جبکہ 3238 افراد زخمی اور 3142 بے گھر ہو چکے ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس برقرار ہے۔
وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر خورخے روڈریگیز نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ امدادی اور ریسکیو کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ملکی اور بین الاقوامی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق 1600 سے زائد غیر ملکی امدادی اہلکار وینزویلا پہنچ چکے ہیں، جبکہ متعدد ممالک اور بین الاقوامی ادارے امدادی سامان اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کر رہے ہیں۔ کئی متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جزوی طور پر بحال کی جا رہی ہے، تاہم مسلسل آفٹر شاکس کے باعث ہزاروں افراد کھلے مقامات پر رات گزارنے پر مجبور ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے اپنی ابتدائی تخمینہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ تباہی کے حجم کو دیکھتے ہوئے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کا خدشہ موجود ہے، تاہم یہ صرف ایک تخمینہ ہے، حتمی سرکاری اعداد و شمار نہیں۔

