ٹورنٹو:خواتین کی مؤثر قیادت مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے: اقرا خالد

ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)مسی ساگا۔ایرن ملز سے رکن پارلیمنٹ اقرا خالد نے کہا ہے کہ مضبوط جمہوریتیں اسی وقت قائم ہوتی ہیں جب فیصلہ سازی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ آوازوں کو نمائندگی حاصل ہو۔

کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے کینیڈین علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف زیادہ خواتین کا منتخب ہونا کافی نہیں بلکہ ایسے ادارے بھی ضروری ہیں جہاں خواتین کو قیادت، ترقی اور عوامی پالیسی سازی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع میسر ہوں۔

اقرا خالد نے مسی ساگا۔ایرن ملز ویمنز کونسل کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر قائم ایسے پلیٹ فارم خواتین کو اپنی آواز بلند کرنے، روابط استوار کرنے اور قیادت کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقی پیش رفت اس وقت ہوتی ہے جب فیصلہ ساز ادارے ان کمیونٹیز کی حقیقی نمائندگی کریں جن کی وہ خدمت کرتے ہیں۔