برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ(وزیراعظم آفس پاکستان)سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اگنازیو کاسِس نے برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سوئس وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ تک پہنچنے میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کاوشوں نے مذاکراتی عمل کو کامیابی سے آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مفاہمت پر عملدرآمد کے آئندہ مراحل میں سوئٹزرلینڈ کی معاونت اور تعاون کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سوئس حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عملدرآمد خطے میں امن کے قیام اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کیلئےپاکستانی ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
ملاقات میں دوا سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ اگنازیو کاسِس کو باہمی طور پر موزوں تاریخوں میں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

