اوٹاوا ( نمائندہ خصوصی)پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مجوزہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدہ پر مذاکرات کیلئے حکومت پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اوٹاوا پہنچ گیا ہے۔
وفد کی قیادت بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری ذوالفقار علی کر رہے ہیں جبکہ وفد میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی امور سے متعلق مختلف اداروں کے سینئر حکام بھی شامل ہیں، جو کینیڈین حکام کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لے رہے ہیں۔
مذاکرات کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کے محکمہ عالمی امور کے جنوبی ایشیا بیورو کے ڈائریکٹر جنرل ژاں کرسچین بریاں نے پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور نتیجہ خیز بات چیت ہوگی۔

اس موقع پر کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ معیار کے سرمایہ کاری نظام کو حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرا چکی ہے جن میں سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانا، تنازعات کی روک تھام کے شفاف طریقہ کار اور ضابطہ جاتی ہم آہنگی حکومت کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کے اہم ستون ہیں۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات سے دوطرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مؤثر قانونی فریم ورک تشکیل پائے گا۔
پاکستانی وفد کینیڈین حکام کے ساتھ مختلف نکات پر تعمیری انداز میں مذاکرات جاری رکھے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔واضح رہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مجوزہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کے معاہدے پر مذاکرات کا گزشتہ دور اکتوبر 2025 میں اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔

