پاکستان میں تیار کی گئی ورلڈ کپ فٹبال خلاء تک پہنچ گئی

واشنگٹن( ناسا، بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026ء کیلئے پاکستان میں تیار کی گئی جدید فٹبال ’’ٹریونڈا‘‘ نے ایک اور منفرد اعزاز حاصل کر لیا ہے اور اب یہ فٹبال کھیل کے میدانوں سے نکل کر خلاء تک پہنچ گئی ہے۔

امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود خلاء بازوں کو فیفا ورلڈ کپ کی اس جدید فٹبال کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں خلاء باز مائیکرو گریویٹی کے ماحول میں فٹبال کی حرکت، توازن اور ردِعمل کا مشاہدہ کرتے نظر آتے ہیں۔ اس تجربے کا مقصد یہ جاننا تھا کہ ایڈیڈاس کی جانب سے ڈیزائن کی گئی فٹبال خلائی ماحول میں کس طرح برتاؤ کرتی ہے اور اس کا وزن اور توازن اس کی حرکت پر کیا اثر ڈالتا ہے۔

ناسا کے مطابق اس نوعیت کا تجربہ اس سے قبل 2019ء میں بھی کیا جا چکا ہے۔ ان تجربات سے معلوم ہوا کہ فٹبال کے توازن میں معمولی فرق بھی اس کی حرکت اور سمت پر اثرانداز ہو سکتا ہے، خصوصاً ایسے ماحول میں جہاں کششِ ثقل نہ ہونے کے برابر ہو۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے لیے تیار کی گئی ’’ٹریونڈا‘‘ فٹبال پاکستان کی کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی صنعت کے لیے ایک اہم اعزاز سمجھی جا رہی ہے، جبکہ اس کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچنا پاکستانی ساختہ مصنوعات کی عالمی سطح پر پذیرائی کی ایک اور مثال قرار دیا جا رہا ہے۔