پاکستان ویمن کا زمبابوے ویمن کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 67 رنز سے شکست

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن ٹیم نے زمبابوے ویمن کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 67 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ ایمان فاطمہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 79 رنز اسکور کیے، اُن کی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، جبکہ منیبہ علی نے 36 رنز بنائے۔زمبابوے کی جانب سے مابھیرو، میرینج اور ماوونگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمن ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس فتح کے بعد پاکستان ویمن ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں ناقابلِ شکست 0-2 کی برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔