کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے ویمنز کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں زمبابوے ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔
بی لووڈ بزا نے 73 اور کیلس نے 51 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ پاکستان کی جانب سے تسمیہ رباب نے 3، عائشہ ظفر اور عروب شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے 220 رنز کی شاندار اوپننگ شراکت قائم کرکے میچ یکطرفہ بنا دیا۔
گل فیروزہ نے ناقابلِ شکست 106 رنز اسکور کیے جبکہ صدف شمس 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ منیبہ علی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں اور انہوں نے وننگ شاٹ کھیلا۔پاکستان ویمنز ٹیم نے تینوں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر لی۔

