جکارتہ ( پاکستانی سفارت خانہ، جکارتہ)پاکستان کی قومی دفاعی یونیورسٹی (این ڈی یو)کے وفد نے اپنے مطالعاتی دورے کے دوران انڈونیشیا میں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں وفد کو پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر بریفنگ دی گئی۔

پاکستان کے سفیر زاہد حفیظ چوہدری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان صحت، دفاعی تعاون، تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دے کر دونوں برادر ممالک کے درمیان شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔دورے کے دوران وفد کو پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات کی موجودہ پیش رفت اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئےپاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

