پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات علاقائی سیکیورٹی کے استحکام کا سبب بن سکتے ہیں:ایرانی صدر

تہران (رائٹرز، ایرانی میڈیا) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط اور گہرے کرنے سے خطے میں سیکیورٹی اور استحکام کو فروغ مل سکتا ہے۔

ایرانی صدر نے تہران میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی جانب سے ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں ظاہر کی جانے والی دلچسپی تہران کے لیے قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے سے باہمی مفادات کو فروغ دینے کے ساتھ خطے میں سیکیورٹی اور استحکام بھی مضبوط ہوگا۔

ملاقات میں ایرانی صدر نے پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا، جبکہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ ٹوٹ ہیں اور اسلام آباد تہران کے ساتھ تعلقات کو جامع انداز میں مزید آگے بڑھانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی نے صدر پزشکیان کے علاوہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ محسن مومنی سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی کا تہران کا دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں پیش رفت کی کوششیں جاری ہیں۔ رائٹرز کے مطابق پاکستان نے قطر کے ساتھ مل کر حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان کسی ممکنہ سمجھوتے کے امکانات بڑھانے میں سفارتی کردار ادا کیا ہے، تاہم فریقین کے درمیان اب بھی اہم اختلافات موجود ہیں۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ایران اور امریکا ایک بار پھر کسی امن معاہدے یا سمجھوتے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو تین روز کے دوران ملنے والے اشارے بتاتے ہیں کہ فریقین کسی نہ کسی سمجھوتے کے قریب پہنچ سکتے ہیں اور پائیدار امن پورے خطے کے مفاد میں ہوگا۔