پاکستانی اور زمبابوین ویمن کپتان سیریز جیتنے کیلئے پُرعزم

کراچی (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اور زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتانوں نے سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز دلچسپ ہوگی اور ٹیم جیت کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہوم سیریز میں نئی کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا، جبکہ ٹیم نے اسی موسم میں بھرپور پریکٹس کی ہے۔

فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ ٹیم میں سینئرز اور جونیئرز کا امتزاج رکھا گیا ہے، ڈاٹ بال کی کمی پر کافی حد تک قابو پایا گیا ہے اور پاور ہٹنگ پر بھی خاصی محنت کی گئی ہے۔ انہوں نے خواتین کرکٹ لیگ کے انعقاد کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

دوسری جانب زمبابوے ویمن ٹیم کی کپتان Mary-Anne Musonda نے کہا کہ پاکستان آ کر خوشی ہوئی، اگرچہ یہاں گرمی زیادہ ہے لیکن ٹیم کی تیاری اچھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھتے اور سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔