لزبن (رائٹرز) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر آئندہ سیزن ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہوگا۔
41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ایک فیشن میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ممکنہ طور پر یہ فٹبال میں ان کا آخری سال ہوگا اور وہ ایک شاندار ورثہ چھوڑنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو نے کہا کہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے پاس خود کو مصروف رکھنے کے لیے بہت سی چیزیں ہیں، وہ مزید سفر کرنے، پیڈل کھیلنے اور اپنی زندگی سے لطف اندوز ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فٹبال چھوڑنے کے بعد زندگی میں ایک بڑا خلاء پیدا ہوسکتا ہے، اس لیے وقت کو مختلف سرگرمیوں سے بھرنا ہوگا۔ گزشتہ 25 برس قربانیوں سے بھرپور رہے ہیں اور اب وہ اپنی حاصل کردہ کامیابیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو نے 2002ء میں اسپورٹنگ لزبن سے سینئر کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ، یووینٹس اور موجودہ کلب النصر کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں 5 مرتبہ بیلن ڈی اور کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
رونالڈو 2026ء کے ورلڈ کپ میں بھی پرتگال کی نمائندگی کرچکے ہیں تاہم ٹیم عالمی کپ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ ورلڈ کپ کی ٹرافی ان کے کیریئر کے ان بڑے اعزازات میں شامل نہیں ہوسکی جو وہ حاصل کرچکے ہیں۔
رونالڈو رواں سیزن سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور ان کی نظریں کیریئر کے 1000 گول مکمل کرنے کے تاریخی سنگِ میل پر مرکوز ہیں۔ کلب اور ملک کی جانب سے ان کے مجموعی گولز کی تعداد 976 ہوچکی ہے، جس کے بعد وہ 1000 گولز کے سنگِ میل سے صرف 24 گول دور ہیں۔

