پرو ہاکی لیگ، پاکستانی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کو برطانیہ کا ویزہ نہ مل سکا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے سے قبل پاکستانی ہاکی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کو تاحال برطانیہ کا ویزہ جاری نہیں ہو سکا، جس کے باعث ان کی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ روانگی غیر یقینی ہو گئی ہے۔

ٹیم ذرائع کے مطابق عماد شکیل بٹ کے ویزے میں تاخیر یا انکار کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے ایک سینئر رکن کا ویزہ بھی ابھی تک جاری نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عماد شکیل بٹ کے ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ جانے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کے بعد ان کی جگہ ابو بکر کو قومی ٹیم کی قیادت سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ہاکی ٹیم نے پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کے لیے 21 جون کو بیلجیئم سے انگلینڈ روانہ ہونا ہے، جبکہ کپتان کے متبادل کے انتخاب کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی اور اس کا باضابطہ اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیا جائے گا۔

پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کو انگلینڈ اور بھارت کے خلاف میچ کھیلنے ہیں، جبکہ ایونٹ کے لیے روانگی سے قبل انجری کے باعث حنان شاہد اور سفیان بھی قومی اسکواڈ سے باہر ہو چکے ہیں۔