کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بڑے ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی۔247 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم صرف 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جو بعد میں ان کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔پشاور زلمی کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور محمد حارث بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، جنہیں خوشدل شاہ نے پویلین واپس بھیجا۔
اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور کوشل مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 191 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔

کوشل مینڈس نے 52 گیندوں پر 109 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 14 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔اختتامی اوورز میں عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 246 تک پہنچا دیا۔ بابر اعظم 87 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی اور خوشدل شاہ نے وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 87 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔اعظم خان 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی دہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔
زلمی کے بولرز نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی، ناہید رانا نے 3 وکٹیں صرف 7 رنز کے عوض حاصل کیں، افتخار احمد نے 9 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ صفیان مقیم نے 3 وکٹیں 18 رنز کے بدلے حاصل کیں۔کوشل مینڈس کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔

