پنجاب کو پڑوسی ملک سے نہیں، دیگر صوبوں سے آنے والی دہشت گردی سے خطرہ ہے: مریم نواز

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو پڑوسی ملک سے نہیں بلکہ دیگر صوبوں سے آنے والی دہشت گردی سے خطرہ ہے، صوبے میں امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہب کا افتتاح بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے بارڈر ایریا سے تھریٹس آتی ہیں، جن کے خاتمے کیلئے جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مضبوط بنایا گیا ہے۔ انٹیلی جنس ہب سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا اہم مرکز ہوگا اور اس کے قیام سے جدت آئے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کیلئے مشکل فیصلے کیے گئے، جہاں ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا گیا وہاں کارروائی کی گئی۔ کچے کا علاقہ کئی دہائیوں سے جرائم کا گڑھ تھا، تاہم اب یہ جرائم سے پاک ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پنجاب میں امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا۔