پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کارروائیاں، 13 دہشت گرد گرفتار

لاہور(نمائندگان)پنجاب کے مختلف شہروں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 13 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں لاہور، ساہیوال، ملتان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، چنیوٹ اور میانوالی میں کی گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد مختار کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، دیسی ساختہ بم، آئی ای ڈیز اور ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔