کراچی(سپورٹس ڈیسک)پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے زمبابوے ویمن کو 153 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 237 رنز بنائے، جو ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی، وہ پاکستان کی جانب سے ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری بنانے والی بیٹر بھی بن گئیں۔عالیہ ریاض نے 23 گیندوں پر 48 جبکہ گل فیروزہ نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔
جواب میں زمبابوے ویمن ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19ویں اوور کی دوسری گیند پر 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نتاشا ٹومبا 24 اور آدیل زمنو 18 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء نے 3 جبکہ سعدیہ اقبال اور نتالیہ پرویز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

