کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 36ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 80 رنز بنائے اور پوری ٹیم 16 اوورز میں آؤٹ ہو گئی۔ یہ ان کے ڈیبیو سیزن کا اب تک کا کم ترین اسکور رہا۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 81 رنز کا ہدف ساتویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ محسن ریاض نے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ سمیر منہاس 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے عثمان خان 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا اور ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن، شاداب خان اور عماد وسیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کیلئےاسلام آباد یونائیٹڈ نے دو تبدیلیاں کی تھیں جبکہ حیدرآباد کنگزمین نے ایک تبدیلی کی۔اس شکست کے بعد حیدرآباد کنگزمین کا نیٹ رن ریٹ منفی 1.037 تک گر گیا ہے، جس سے پوائنٹس ٹیبل پر دیگر ٹیموں کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔

