پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگزمین نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ سیزن 11 میں نئی فرنچائز حیدرآباد کنگزمین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے 154 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

حیدرآباد کے کپتان لبوشین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے میچ کے دوران معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان اور کوشل پریرا کے آؤٹ ہونے کے باوجود حوصلہ برقرار رکھا۔

لبوشین نے پانچویں وکٹ پر گلین میکسویل کے ساتھ 42 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، میکسویل 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر نمایاں اسکوررز میں معاذ صداقت 30 اور صائم ایوب 35 رنز کے ساتھ شامل رہے۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 153 رنز بنائے۔ ڈیون کانوے 45 اور مارک چیپمین 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

حیدرآباد کی جانب سے آصف محمود نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور میں 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی نے 2 اور گلین میکسویل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس فتح کے ساتھ حیدرآباد کنگزمین نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔