پی ایس اے سیٹلائٹ سکواش ٹورنامنٹ انس علی شاہ اور انڈر 19 ٹائٹل پنجاب کے عبداللہ ندیم نے جیت لیا

ویمنز میں دامیہ خان انڈر15میں حزیفہ شاہد،انڈر11میں ایم بن نسیم کامیاب
مہمان خصوصی ڈی سی زین العابدین نے غلام نبی مورائی اور اقبال میمن کے ساتھ انعامات تقسیم کئے

پاکستان کے انس علی شاہ نے پی ایس اے سیٹلائٹ مینز سکواش چیمپئن شپ کامینز سنگلز ٹائٹل جیت لیا جبکہ دوسری پبلک سکول حیدرآباد نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ کی ویمنز کیٹیگری میں سندھ کی دامیہ خان،بوائز انڈر19میں پنجاب کے عبداللہ ندیم،بوائز انڈر15میں ایس این جی پی ایل کے حزیفہ شاہد اور بوائز انڈر11میں سندھ کے ایم بن نسیم چیمپئن بن گئے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے مہمان گرامی غلام نبی مورائی،حیدرآباد پبلک سکول کے پرنسپل اور حیدرآباد سکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اقبال میمن کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔

اس موقع پر سندھ سکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان،سابق سیکریٹری محمد عامر،سینئر نائب صدر شبیر گل،ریحان شیخ،ریفری ایم فواد،ایم نسیم اور دیگر بھی موجود تھے۔پبلک سکول حیدرآباد کے جمنازیم میں گزشتہ روز چیمپئن شپ کی تمام کیٹیگریز کے فائنلز کھیلے گئے۔سندھ سکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق پی ایس اے سیٹلائٹ مینز کے فائنل میں پاکستان کے انس علی شاہ نے انس خان کو سخت مقابلے کے بعد3-2سے زیر کیا اور ٹائٹل پر قبضہ جمایا۔ ویمنز میں سندھ کی دامیہ خان نے سندھ کی ویشنوی کو 3-0سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا انہوں نے 11-4، 12-10اور11-7سے کامیابی حاصل کی۔بوائز انڈر19کے فائنل میں پنجاب کے عبداللہ ندیم نے سندھ کے عبدالباسط کو سخت مقابلے کے بعد ہرا کر فائنل میں کامیابی سمیٹی،انہوں نے پہلا سیٹ اعصاب شکن مقابلے کے بعد18-16سے جیتا اور اگلے دونوں سیٹس11-9اور11-7سے جیت کر چیمپئن شپ جیت لی۔

بوائز انڈر15کے فائنل میں حزیفہ شاہد نے فیضان خان کو 11-8،12-10اور11-4سے قابو کر کے فائنل اپنے نام کیا۔بوائز انڈر11کے فائنل میں سندھ کے ایم بن نسیم، سندھ ہی کے ابان خان کو 3-1سے ہرا کر چیمپئن بنے ان کی کامیابی کا سکور11-6،1-11،11-8اور11-4 رہا۔واضح رہے کہ سندھ سکواش ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی جاری نیشنل جونیئر سکوا ش چیمپئن شپ کی تمام چار کیٹیگریز کے لئے ایک لاکھ روپے جبکہ پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز سکواش چیمپئن شپ کی انعامی رقم ایک ہزار ڈالرز تھی۔