لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے خواتین ہاکی کی بحالی کیلئےبڑا قدم اٹھاتے ہوئے ڈچ کوچ رچرڈ ڈی سنیجر کو قومی ویمن ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔
پی ایچ ایف کے مطابق رچرڈ ڈی سنیجر کی تقرری خواتین ہاکی کی ترقی کے لیے طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہیں دو دہائیوں سے زائد عرصے کا کوچنگ تجربہ حاصل ہے اور وہ نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں ایلیٹ سطح پر کوچنگ کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
رچرڈ ڈی سنیجر کے ایچ سی ڈریگنز، ریپڈ ٹیمزے اور ایل ایم ایچ سی لارین میں ٹیکنیکل ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ نئے ہیڈ کوچ قومی خواتین ہاکی ٹیم کے تکنیکی، حکمتِ عملی اور جسمانی معیار کو بہتر بنانے کے لیے نیشنل کوچنگ ایڈوائزر ہارمن کروز اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
فیڈریشن نے اسکول سطح سے قومی ٹیم تک خواتین ہاکی کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پائپ لائن بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ قومی ویمن ہاکی ٹیم کی کھلاڑیاں بہترین مواقع کی مستحق ہیں، جبکہ رچرڈ ڈی سنیجر کی تقرری سے جدید ہائی پرفارمنس ویمن ہاکی پروگرام کا آغاز ہوگا۔

