اسلام آباد ( اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ملتوی نہیں ہوگا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے احتجاج سے متعلق حکم کو سپریم کورٹ سمیت اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کیا جائے گا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود احتجاج کی تیاری جاری رہے گی، پارٹی اپنے قانونی حق کیلئے اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرے گی۔
انہوں نے وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کا لہجہ افسوسناک ہے، کیا حکومتی وزرا کا کام اپوزیشن کو اس طرح کی دھمکیاں دینا ہے کہ گولیاں چلائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 ستمبر کے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق 37 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں قرار دیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو پرامن احتجاج اور اجتماع کا آئینی حق حاصل ہے تاہم یہ حق شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر کرنے کیلئےاستعمال نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت نے قرار دیا کہ کسی سیاسی جماعت، سیاسی رہنما یا صوبائی حکومت کو اسلام آباد آنے والی شاہراہوں، انٹرچینجز اور دیگر عوامی مقامات پر قبضہ کرکے شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت، کاروبار، تعلیمی اداروں اور طبی سہولیات تک رسائی متاثر کرنے کا قانونی حق حاصل نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ بھی قرار دیا کہ اسلام آباد کی جانب سیاسی مارچ کیلئےسرکاری فنڈز، گاڑیاں، مشینری یا سرکاری اہلکار استعمال نہیں کیے جاسکتے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو کسی گروہ کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔

