پی ٹی آئی کی نیت اور طبیعت خراب ہے، ٹھیک کردیں گے:عطا تارڑ

کوہاٹ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بزدل دہشتگرد چھپ کر وار کرتے ہیں، کوہاٹ کی فضا سوگوار ہے، دھرتی کے بہادر جوانوں نے ملکی دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

کوہاٹ پولیس لائنز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ فوج اور پولیس کے بہادر جوانوں اور افسران نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں بہادری سے حصہ لیا، ہم سب مل کر دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرکے دم لیں گے۔

وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوہاٹ میں ہیلی کاپٹر پر آئے، 15 منٹ چکر لگایا اور چلے گئے، انہیں چاہیے تھا کہ یہاں آتے اور زخمیوں کو گلے لگاتے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ساڑھے 12 سال کا جواب دینا ہوگا، وسائل اور فنڈز کی کمی نہیں بلکہ نیت کی کمی ہے، اگر کچھ نہیں کرسکتے تو کرسی سے اتر کیوں نہیں جاتے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو اسلام آباد کی طرف آنے اور تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پی ٹی آئی کبھی پرامن نہیں رہی اور نہ رہے گی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کے لیے ترقیاتی کام کیے جائیں، صوبائی حکومت بتائے کہ امن و امان اور ترقیاتی فنڈز کہاں خرچ کیے گئے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی نیت بھی خراب ہے اور طبیعت بھی، ان کی طبیعت ٹھیک کردینگے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے معدنیات اور کان کنی کے ٹھیکوں کی تفصیلات بھی سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔