پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج کیخلاف درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹادی گئی

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج کے خلاف درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹادی۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ کسی سیاسی جماعت، سیاسی رہنما یا صوبائی حکومت کو اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا قانونی اختیار نہیں، عوامی عہدہ رکھنے والا شخص بھی اسلام آباد کی سڑکوں، شاہراہوں یا داخلی و خارجی راستوں پر قبضہ نہیں کرسکتا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو اسلام آباد کے انٹرچینجز اور ٹول پلازوں پر قبضے کا اختیار حاصل نہیں۔عدالت نے قرار دیا کہ اسلام آباد کی جانب آنے والے راستوں میں رکاوٹ ڈالنا شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کسی مارچ، جلوس یا ریلی کے ذریعے شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت متاثر نہیں کی جاسکتی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ شہر میں تجارت اور کاروبار میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، احتجاج یا مارچ کے باعث تعلیمی اداروں تک شہریوں کی رسائی بھی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

تحریری فیصلے میں قرار دیا گیا کہ طبی سہولتوں تک رسائی متاثر کرنا بھی شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔عدالت نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ یقینی بنایا جائے کہ سرکاری وسائل اسلام آباد آنے والے کسی مارچ یا ریلی میں استعمال نہ ہوں۔