پیانگ یانگ(رائٹرز / یونہاپ نیوز ایجنسی) شمالی کوریا نے 5 ہزار ٹن وزنی دوسرا تباہ کن جہاز ’کانگ کون کلاس‘ بحری بیڑے میں شامل کر لیا، یہ جہاز شمالی کوریا کے جوہری جوابی کارروائی کے نظام کا حصہ بنے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تباہ کن جہاز کو شمالی کوریا کی ونسن بندرگاہ پر بحریہ کے سپرد کیا گیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن تھے، جو اپنی صاحبزادی کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔کم جونگ اُن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے جنگی جہاز کی جزیرہ نما کوریا کے مشرقی سمندر میں تعیناتی مخالفین کے لیے واضح پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے بحری جوہری ہتھیاروں میں پیش رفت ہو رہی ہے اور ’کانگ کون‘ شمالی کوریا کے جوہری جوابی کارروائی کے نظام کا حصہ بنے گا۔شمالی کوریا کے سربراہ نے مزید کہا کہ ملک اپنی سمندری خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے اہم سمندری علاقوں میں طاقتور ترین اسٹریٹجک صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتا رہے گا۔

