اوٹاوا( سی بی سی نیوز)امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کی کینیڈین کیڈٹس سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ پر کینیڈا میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
پیٹ ہیگستھ نے پیر کو برٹش کولمبیا کے شہر ورنن میں واقع کیڈٹ تربیتی مرکز کی دو نوجوان خواتین کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی، جس کے ساتھ ’’یہ حقیقت ہے‘‘ اور کینیڈا کے پرچم کا ایموجی درج تھا۔
پوسٹ کے بعد کینیڈین کیڈٹس کی ظاہری شکل سے متعلق توہین آمیز تبصرے سامنے آئے۔ ناقدین نے ہیگستھ پر نوجوانوں کو نشانہ بنانے اور کینیڈا کو بدنام کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ امریکی محکمۂ دفاع کے نائب ترجمان جیکب بلس نے تنازع پر کہا کہ ایکس پر کی گئی پوسٹ خود سب کچھ بیان کرتی ہے۔
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں کی جانب سے کینیڈا کی فوج کو بدنام کرنے والے بیانات ان کے منصب کے شایانِ شان نہیں۔ برٹش کولمبیا کے وزیرِاعلیٰ ڈیوڈ ایبی نے بھی ہیگستھ اور امریکی محکمۂ دفاع کے ردِعمل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
کینیڈین آرمی کیڈٹ لیگ نے آن لائن ہراسانی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بہتری اور کمیونٹی کی خدمت کے لیے کام کرنے والے نوجوانوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے ناقابلِ قبول ہیں۔
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تجارتی مذاکرات میں تعطل اور امریکی حکام کے کینیڈین فوج سے متعلق بیانات کے باعث دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ کینیڈا کا کیڈٹ پروگرام 12 سے 18 سال کے نوجوانوں کے لیے ہے۔

