پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کا تیل مہنگا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سےہوگا

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

دوسری جانب مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 11 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔