چندی گڑھ(بھارتی میڈیا، خبر ایجنسیاں) بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک نجی اسکول کی 29 سالہ ٹیچر سندھیا کو مبینہ طور پر دوستی سے انکار پر ایک نوجوان نے اسکول کے اندر چاقو کے پے در پے وار کرکے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ پیر کی صبح ایک نجی اسکول میں پیش آیا، جہاں نقاب پوش ملزم اسکول پہنچا اور ٹیچر کو نام لے کر باہر بلایا۔ جیسے ہی وہ اس سے ملنے باہر آئیں، ملزم نے چند ہی لمحوں میں ان کے چہرے، گردن اور سینے پر متعدد چاقو کے وار کیے۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو اسکول کی لابی میں انتظار کرتے اور بعد ازاں ٹیچر کو باہر بلا کر حملہ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔اسکول انتظامیہ کے مطابق ٹیچر کی چیخیں سن کر عملہ مدد کے لیے پہنچا، تاہم ملزم نے انہیں بھی چاقو دکھا کر دھمکایا اور زمین پر گری ہوئی ٹیچر پر مزید وار کیے، جس کے بعد وہ بغیر نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔
شدید زخمی ٹیچر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے 21 سالہ ملزم امیت کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم گزشتہ دو برس سے مقتولہ کا تعاقب کر رہا تھا اور مسلسل دوستی اور رابطے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ سندھیا نے ملزم کی دوستی کی پیشکش مسترد کر دی تھی اور چند روز قبل اس کے خلاف مبینہ چھیڑ چھاڑ کے الزام میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے اسی مقدمے کا بدلہ لینے کی غرض سے ٹیچر کو قتل کیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

