قومی فٹبال ٹیم نے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کرتے ہوئے مالدیپ کو 3-0 سے شکست دی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ یہ نہ صرف961 دنوں کے بعد پاکستان کی پہلی فتح تھی، بلکہ 1991 کے ایس اے ایف گیمز فائنل کے بعد مالدیپ کے خلاف شاہینوں کی پہلی کامیابی بھی تھی۔ پہلے ہاف میں پاکستان نے میدان پر غلبہ حاصل کیا لیکن شاہین گول کرنے میں ناکام رہے۔ دوسرے ہاف میں صورتحال بدل گئی جب حیان خٹک کے زوردار شاٹ پر مالدیپ کے گول کیپر نے گیند چھوڑ دی اور عمر نواز نے موقع غنیمت جانتے ہوئے گیند کو گول میں ڈال دیا۔

پہلے گول کے بعد مالدیپ نے برابری کے لیے حملہ آور کھیل اپنایا اور دو واضح مواقع بھی بنائے، لیکن دونوں ضائع ہو گئے۔ تاہم مالدیپ نے میدان میں بڑی خالی جگہیں چھوڑ دی تھیں جن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے متبادل کھلاڑی عبدالصمد ارشد نے 83ویں منٹ میں گول کیپر کو چکمہ دے کر گیند نیٹ میں پہنچا دی۔ تیسرا گول 87ویں منٹ میں آیا جب ایک اور متبادل کھلاڑی ہارون حمید کا شاٹ ایک ڈیفنڈر سے ٹکرا کر مالدیپ کے بے بس گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے نیٹ میں جا گھسا۔

اس فتح سے پاکستان کی دو سال سے زائد عرصے کی فتح کی تشنگی بجھی اور ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کو بھی پاکستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی کامیابی نصیب ہوئی۔پی ایف ایف صدر سید محسن گیلانی نے پاکستانی ٹیم کو اس فتح پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ٹیم ہفتے کے روز افغانستان کے خلاف اگلے میچ میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلے گی۔

