اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے گریڈ 22 کے افسر ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو خیبرپختونخوا کا چیف سیکریٹری تعینات کر دیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کی تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور وہ تاحکمِ ثانی اس عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔ وہ اس سے قبل وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن میں سیکریٹری تعینات تھے۔ ان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے ہے۔
دوسری جانب اعلامیے کے مطابق گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ انہیں فاٹا کونسل کا ایڈیشنل چیف سیکریٹری تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح گریڈ 19 کے افسر خواجہ سکندر ذیشان کی خدمات پنجاب سے واپس لے کر خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ گریڈ 18 کے افسر میجر (ر) اورنگزیب کی خدمات بھی صوبائی حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

