اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو عدالتی حکم کے منافی ہو۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عدالت میں واضح کیا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی طبی رپورٹ صرف ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ تک محدود ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی قیدی کے حالات بانی پی ٹی آئی جیسے ہوں تو اسے نجی اسپتال منتقل ہونے کا حق حاصل ہے، سوال یہ ہے کہ کیا کسی دوسرے قیدی کے ساتھ ایسا کیا گیا ہے کہ اسے 10 ماہ سے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی ہو۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا 2 دسمبر کے بعد خاندان سے رابطہ منقطع ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پی ٹی آئی کی جانب سے دائر نہیں کی گئی بلکہ یہ درخواست بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے دائر کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان کے وکیل عزیر بھنڈاری نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کی مرضی ہے کہ توہین عدالت کی درخواست میں کس کو فریق بنانا ہے اور کس کو نہیں۔سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف توہین عدالت کے ثبوت ان کے پاس موجود نہیں، اسی لیے انہیں توہین عدالت کی درخواست میں فریق نہیں بنایا گیا۔

