کامن ویلتھ گیمز 2026ء کا آغاز، پاکستان کا 36 رکنی دستہ ایکشن میں

گلاسگو (اے ایف پی، پی اے میڈیا، ایسوسی ایٹڈ پریس) اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں کامن ویلتھ گیمز 2026ء کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جو 2 اگست تک جاری رہیں گی۔ مقابلوں میں 74 ممالک کے تقریباً 3 ہزار کھلاڑی شریک ہیں، جبکہ پاکستان کا 36 رکنی دستہ بھی ایونٹ میں حصہ لے رہا ہے، جس میں کھلاڑیوں کے علاوہ کوچز اور آفیشلز شامل ہیں۔

پاکستانی دستہ 6 کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گا، جن میں ایتھلیٹکس، باکسنگ، جوڈو، جمناسٹکس، لان بالز اور تیراکی شامل ہیں۔پاکستان کی سب سے بڑی امید اولمپک جیولن تھرو چیمپئن ارشد ندیم ہیں، جو کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

ایتھلیٹکس میں ارشد ندیم کے علاوہ فائقہ ریاض، انصار عباس، محمد اختر، محمد اسماعیل، محمد یاسر اور نورین حسین بھی پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

باکسنگ میں افضل خان، فاطمہ زہرا، ملائکہ زاہد، قدرت اللّٰہ اور ثمامہ رحمان، جوڈو میں شاہ حسین شاہ، جمناسٹکس میں شہزاد علی، لان بالز میں مقصود وسیم خان اور محمد ایوب قریشی، جبکہ تیراکی میں حمزہ آصف، حریم ملک، جہانارا نبی اور محمد احمد درانی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

کھیلوں کے ماہرین کے مطابق پاکستان کے لیے تمغہ جیتنے کی سب سے مضبوط امید ارشد ندیم ہیں، جبکہ باکسنگ اور جوڈو میں بھی قومی کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ لان بالز، جمناسٹکس اور تیراکی میں پاکستانی ایتھلیٹس کا ہدف فائنل مرحلے تک رسائی اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ماہرین کے مطابق پاکستان سے ایک سے تین تمغے جیتنے کی توقع کی جا رہی ہے، جن میں سونے کے تمغے کی سب سے روشن امید ارشد ندیم سے وابستہ ہے۔