کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی تیراکوں کی دوسرے روز بھی مایوس کن کارکردگی

گلاسگو (اے ایف پی، اے پی) کامن ویلتھ گیمز 2026ء میں پاکستان کے تیراکوں کی مایوس کن کارکردگی دوسرے روز بھی برقرار رہی، مقابلوں میں شریک چاروں قومی تیراک ہفتے کو بھی اپنے اپنے مقابلوں کی ابتدائی ہیٹس سے آگے نہ بڑھ سکے۔

گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے تیراکی کے مقابلوں میں خواتین کی 200 میٹر فری اسٹائل میں پاکستان کی جہاں آرا نبی نے 2 منٹ 11.16 سیکنڈ کا وقت لیا اور 36 تیراکوں میں 29ویں نمبر پر رہیں، وہ فائنل کیلئےکوالیفائی نہ کرسکیں۔

مردوں کی 400 میٹر فری اسٹائل میں احمد درانی نے 4 منٹ 14.85 سیکنڈ کا وقت ریکارڈ کیا اور 27 تیراکوں میں 22ویں پوزیشن حاصل کی، جس کے باعث وہ بھی فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔

مردوں کی 50 میٹر فری اسٹائل میں حمزہ آصف نے 24.17 سیکنڈ کا وقت لیا اور 68 تیراکوں میں 39ویں نمبر پر رہے۔ وہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والے 16 بہترین تیراکوں میں شامل نہ ہوسکے۔

خواتین کی 100 میٹر بریسٹ اسٹروک میں حریم ملک نے 1 منٹ 22.51 سیکنڈ کا وقت لیا اور 28 تیراکوں میں 27ویں نمبر پر رہیں، یوں وہ بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکیں۔احمد درانی اور جہاں آرا نبی پہلے روز بھی ابتدائی ہیٹس سے آگے نہیں بڑھ سکے تھے۔