کرائم رپورٹرز پنجاب پولیس کے آنکھ، کان اور شراکت دار ہیں: آئی جی عبد الکریم

لاہور(نمائندہ خصوصی)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ کرائم رپورٹرز جرائم کی نشاندہی، پولیس کی رہنمائی اور فیڈ بیک دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس سے جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں مدد ملتی ہے۔

لاہور پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ کرائم رپورٹرز جرائم کی روک تھام، سماجی اصلاح اور پولیس کے احتساب کے عمل کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے انہیں انصاف کی فراہمی میں پنجاب پولیس کے ’’آنکھ، کان اور شراکت دار‘‘ قرار دیا۔

عبدالکریم نے بتایا کہ پنجاب کے تقریباً 800 تھانے شہریوں کو پولیس خدمات فراہم کرنے کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پولیسنگ کے نظام میں خودکار نظام، سیف سٹی کیمروں، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی، باڈی کیمروں اور پینک بٹن سمیت مختلف اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔

آئی جی نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے اور تھانوں میں شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان کے مطابق مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں سنگین جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ پنجاب میں جائیداد سے متعلق جرائم تقریباً ختم ہوگئے ہیں اور ٹریفک نظام میں بھی بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں کانسٹیبل سے اعلیٰ افسران تک کرپشن اور بے ضابطگیوں کیخلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے اور بدعنوانی، بدسلوکی یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

آئی جی پنجاب کے مطابق خواتین اور بچوں کے خلاف تقریباً 80 فیصد جرائم میں قریبی رشتہ دار یا متاثرہ افراد کے جاننے والے ملوث ہوتے ہیں، جبکہ ایسے جرائم کے خلاف فوری کارروائی کی جارہی ہے۔

باڈی کیمروں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس منصوبے کے لیے 12 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔ ایک ہزار باڈی کیمرے موصول ہوچکے ہیں، مزید کیمرے بھی جلد پہنچیں گے اور ناکوں پر ہر پولیس اہلکار کو باڈی کیمرہ فراہم کیا جائے گا۔

عبدالکریم نے کہا کہ پولیس کی مؤثر کارروائی اور حکومتی اقدامات سے کچے کے علاقوں میں امن قائم ہوا ہے، جبکہ غیر قانونی اسلحے کے خلاف قانون متعارف کرانے کی سمری بھی زیرِ عمل ہے۔

تقریب کے اختتام پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے آئی جی پنجاب کو شیلڈ پیش کی، جبکہ آئی جی نے پریس کلب کے صدر اور دیگر عہدیداران کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری تحائف پیش کیے۔