کراچی: 6 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت

کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے جیکسن میں 6 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اہلِ خانہ نے اس کی میت وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق ملزم کے اہلِ خانہ نے میت لینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد اسے مواچھ گوٹھ قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق 6 سالہ بچی کی لاش گزشتہ روز جیکسن کے علاقے سے ملی تھی۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کارروائی کی تو اس نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔پولیس کے مطابق بچی دو روز قبل لاپتا ہوئی تھی اور گزشتہ روز اس کی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔