سعود شکیل کراچی وائٹس کی کپتانی کرینگے،شاداب خان ایبٹ آباد کے کپتان ہونگے
فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ جبکہ رنرز اپ کو پچیس لاکھ انعام ملے گا
کراچی ریجن وائٹس اور ایبٹ آباد ریجن آج اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ26-2025 کے فائنل میں ٹکرائیں گے۔ فائنل اتوار کو رات آٹھ بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہوں گے۔
سعود شکیل کراچی وائٹس کی کپتانی کریں گے جبکہ شاداب خان ایبٹ آباد کے کپتان ہوں گے۔ کراچی وائٹس کی ٹیم میں ابرار احمد، عبداللہ فضل، دانش عزیز، خواجہ محمد نافع اور شان مسعود شامل ہیں جبکہ معاذ صداقت، شاہزیب خان، کامران غلام، خوشدل شاہ، ارشد اقبال اور محمد وسیم جونیئر ایبٹ آباد کی نمائندگی کریں گے۔
ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو پچاس لاکھ انعامی رقم جبکہ رنرز اپ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار ہوگی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل پی سی بی لائیو ایپ پر لائیو سٹریم کیا جائے گا اس کے علاوہ پی ٹی وی سپورٹس، اے سپورٹس، فاسٹ سپورٹس اور جیو سپر پر براڈ کاسٹ کیا جائے گا. میچ کی لائیو سٹریم ٹیپ میڈ (پاکستان) اور پی سی بی یو ٹیوب چینل(بیرون ملک) پر بھی دستیاب ہوگی۔
فائنل سے قبل ایبٹ آباد اور کراچی وائٹس کی ٹیموں نے ٹریننگ کی۔ ایبٹ آباد اور کراچی وائٹس کے سکواڈز نے قذافی سٹیڈیم میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی۔ اس موقع پر سعود شکیل کا کہنا تھا دونوں ٹیموں کے درمیان اچھا مقابلہ ہوگا ہمارے پاس نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج موجود ہے جبکہ شاداب خان نے کہا ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، امید ہے ہم ٹرافی اٹھائیں گے،آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دو میچز لاہور میں کھیلے، کنڈیشنز کا تجربہ ٹیم کے ساتھ شیئر کروں گا۔

