کراچی( آئی ایس پی آر، اے پی پی)کراچی میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ شہداء نے بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار کے دہشتگرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
شہداء کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کے ذمہ داروں سے ہر صورت حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد جہاں بھی ہوں، سیکیورٹی فورسز ان کا تعاقب کرکے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچائیں گی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ملک سے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ رینجرز کے بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر جامِ شہادت نوش کیا، پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔بعد از نمازِ جنازہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ دہشتگرد حملے کی جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا۔

