کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ مستقل طور پر بند کردیا گیا

کراچی (نامہ نگار) کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ 50 سالہ سفارتی خدمات کے بعد مستقل طور پر بند کردیا گیا۔فرانسیسی قونصل خانے کی جانب سے اس موقع پر ’الوداع کراچی‘ کا پیغام جاری کیا گیا اور دوستوں و شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا گیا۔

قونصل خانے سے فرانس اور یورپی یونین کے پرچم بھی اتار دیے گئے ہیں۔ فرانسیسی سفیر نیکولا گلے نے بھی قونصل خانے کی بندش کی تصدیق کی ہے۔

فرانسیسی حکومت نے کراچی میں قونصل خانے کو بند کرنے کا فیصلہ بجٹ میں کمی کی وجوہات کی بنیاد پر کیا ہے۔ فرانسیسی قونصل جنرل الیکسس شاٹاہٹنسکی نے جولائی میں کہا تھا کہ کراچی میں فرانسیسی موجودگی آئندہ اعزازی قونصل جنرل، پاکستان فرانس بزنس الائنس اور الائنس فرانسیز کے ذریعے برقرار رہے گی، جبکہ بنیادی قونصلر امور اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانے کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔

فرانس نے 26 اگست کو جاری کیے گئے ایک سرکاری حکم کے ذریعے پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے، اسلام آباد، کو پورے پاکستان کی قونصلر حدود قرار دے دیا ہے، جس کا اطلاق 29 اگست سے ہوگیا ہے۔