کراچی: ڈیلیوری کے دوران نومولود جاں بحق، گردن پر زخم کا انکشاف

کراچی(نمائندہ خصوصی)کراچی کے علاقے محمود آباد کے نجی اسپتال میں ڈیلیوری کے دوران نومولود کی گردن پر زخم آنے کے بعد بچہ جاں بحق ہوگیا۔ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈیلیوری کے دوران تیز دھار آلہ لگنے سے نومولود کی گردن پر زخم آیا، تاہم واقعے کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔

نومولود کے تایا اشرف کے مطابق ان کے چھوٹے بھائی امین کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ امین بس ڈرائیور اور 5 بچوں کا باپ ہے، جبکہ ان کا خاندان مالی مشکلات کا شکار ہے، اس لیے وہ کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

اشرف کے مطابق اسپتال کے عملے نے ڈیلیوری کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد انہیں بتایا کہ بچہ مردہ پیدا ہوا ہے، تاہم بعد میں بچے کی گردن پر تیز دھار آلے کا نشان اور خون بہتا ہوا دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ بچے کی لاش گھر لے جا رہے ہیں اور پوسٹ مارٹم بھی نہیں کروانا چاہتے، تاہم ایسے اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں کسی اور خاندان کو ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پولیس نے نومولود کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی ہے۔