لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کوئی ہمیں حب الوطنی نہ سکھائے اور غداری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنا بند کرے، پہلے مارشل لا سے لے کر اب تک یہ سلسلہ چل رہا ہے۔
لاہور میں پیٹرول لیوی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نواز شریف صاحب، آپ قوم اور جمہوریت کے مجرم ہیں، 2024 کا انتخاب فارم 47 کا تھا جبکہ 2018 کا انتخاب آر ٹی ایس بیٹھنے کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم لڑتے اور جدوجہد کرتے رہیں گے، رائے عامہ ہموار کریں گے، موجودہ نظام لوگوں کو عدل و انصاف فراہم نہیں کرسکتا۔ پاکستان کی عدالتوں میں 24 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں اور موجودہ نظام سے ہمیں انصاف نہیں ملتا۔ ہم حجت تمام کر رہے ہیں اور اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی تحریک لے کر چل رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے آئینی عدالت میں دو ماہ سے پٹیشن دائر کر رکھی ہے، ہم فارم 47 کے ذریعے نہیں آنا چاہتے، عوام کی مدد سے اس نظام کو گرائیں گے۔ ہماری جدوجہد نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھے گی اور ہم عوام کی رائے سے منظم طریقے سے انقلاب لائیں گے۔
جماعت اسلامی اپنے نظریے کی بنیاد پر نظام کی تبدیلی کے لیے کام کر رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی سیاست کسی خاندان کی حفاظت کے لیے نہیں کرتی بلکہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتی ہے۔

