کیلگری:دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ، خالصتان احتجاج پر شو عارضی طور پر روک دیا گیا

کیلگری (بین الاقوامی میڈیا)بھارت کے معروف پنجابی و ہندی فلموں کے اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کو کینیڈا کے شہر کیلگری میں اپنے کنسرٹ کے دوران اس وقت عارضی طور پر شو روکنا پڑا جب خالصتان کے حامیوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کر دی۔

کیلگری میں اپنے “اوورا ٹور” کے دوران دلجیت دوسانجھ نے جیسے ہی خالصتان کے جھنڈے لہراتے افراد کو دیکھا تو انہوں نے پرفارمنس کچھ دیر کے لیے روک دی اور منتظمین سے صورتحال سنبھالنے کا کہا۔ اس دوران کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

مظاہرین کی جانب سے بھارت میں سکھوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف مبینہ مظالم کے خلاف نعرے لگائے گئے اور خالصتان کے حق میں آواز بلند کی گئی، جس کے باعث کنسرٹ کا ماحول متاثر ہوا۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں کینیڈا اور بھارت کے تعلقات اس وقت کشیدہ ہوئے تھے جب کینیڈین حکومت نے اپنی سرزمین پر سکھ رہنماؤں کے قتل کے واقعات پر سخت مؤقف اختیار کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔