کیلگری:دو مسافر بسوں سمیت آٹھ گاڑیوں میں خوفناک تصادم، 3 افراد ہلاک، کم از کم 19 زخمی

کیلگری (میاں رضوان سے) کینیڈا کے شہر کیلگری کے شمال مشرقی علاقے میں دو مسافر بسوں سمیت آٹھ گاڑیوں کے درمیان آگ لگنے سےتصادم کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور کم از کم 19 زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ایک بس میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس سے بلند شعلے اور سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

یہ حادثہ دوپہر ایک بجے کے بعد سیڈل ٹاؤن سرکل کے آٹھ سو بلاک میں پیش آیا، جہاں مجموعی طور پر 22 افراد ہلاک یا زخمی ہوئے۔

کیلگری پولیس سروس کے اسٹاف سارجنٹ اینڈی ووڈورڈ نے بتایا کہ حادثہ یکے بعد دیگرے ٹکرانے کے واقعات کے نتیجے میں پیش آیا۔ ان کے مطابق ایک بس سیڈل ٹاؤن سرکل پر سفر کر رہی تھی کہ اس کی ٹکر ایک سفید گاڑی سے ہوئی۔ سفید گاڑی آگے ایک سیاہ گاڑی سے ٹکرائی، جس کے بعد یہ سلسلہ ایک مال بردار ڈبہ نما ٹرک تک جا پہنچا۔

پولیس افسر کے مطابق تصادم کے بعد بس آگے بڑھی اور بس اسٹاپ پر کھڑی ایک دوسری بس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر لگنے والی بس سڑک پار کرتے ہوئے مزید دو گاڑیوں سے جا ٹکرائی۔

حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں ایک بس کی چھت اور دوسری بس کے اگلے حصے سے بلند شعلے اور گھنا سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے والی بس میں مائع قدرتی گیس بطور ایندھن استعمال ہوتی تھی۔ بس رکنے کے بعد اس کی چھت سے شدید آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔

پولیس نے تصدیق کی کہ آگ کی لپیٹ میں آنے والی بس میں سوار تین افراد ہلاک ہوئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں کم از کم ایک شخص کو ایسے زخم آئے جو اس کی زندگی پر طویل المدتی اثرات مرتب کر سکتے ہیں، جبکہ ایک اور شخص شدید زخمی ہوا۔ شدید زخمی ہونے والوں میں بس کا ایک ڈرائیور بھی شامل تھا۔

حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیوں کے دوران کیلگری پولیس سروس کی ایک خاتون اہلکار بھی زخمی ہو گئیں۔ اینڈی ووڈورڈ نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون اہلکار نے آگ دیکھ کر بس کی جانب دوڑ لگائی۔ ان کے بقول، جب وہ بس کے قریب پہنچیں تو بظاہر آگ پھیل گئی اور اس کے بعد دھماکا ہوا۔

پولیس نے دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے شمال مشرقی کیلگری میں سیڈل ٹاؤن سرکل اور 80 ایونیو کے چوراہے کو بند کر دیا۔ حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔

اینڈی ووڈورڈ کے مطابق حادثات کی ازسرنو ترتیب اور تکنیکی شواہد کا جائزہ لینے والی پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے، جو واقعات کی مکمل ترتیب اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کرے گی۔

حادثے کا مقام ایک فائر اسٹیشن اور پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ہے، جبکہ وہاں ایک تجارتی مرکز بھی موجود ہے جہاں نگرانی کے کیمرے نصب ہیں۔ پولیس کے مطابق علاقے کی دکانوں سے ویڈیو ریکارڈنگ حاصل کی جا رہی ہے تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیلگری کے میئر جیرومی فارکس نے حادثے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے دیگر سوالات کے جوابات پولیس اور فائر حکام پر چھوڑ دیے۔

پولیس نے بتایا کہ سیڈل ٹاؤن سرکل تک رسائی کافی وقت تک بند رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں اور ڈرائیوروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حادثے کے مقام اور اس کے آس پاس کے علاقے میں جانے سے گریز کریں۔
حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات اور زخمیوں کی حالت سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے۔