ونی پیگ( سی بی سی)کینیڈا کے صوبے مینیٹوبا میں شدید آندھی اور گرج چمک کے طوفان کے دوران آنے والے طاقتور بگولے نے ایک صدی پرانا اینٹوں سے تعمیر شدہ فارم ہاؤس تباہ کر دیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج کینیڈا کے مطابق بگولا اتوار کی شام ونی پیگ سے تقریباً 275 کلومیٹر مغرب میں واقع قصبے راسبرن کے جنوب مغرب میں نمودار ہوا، جبکہ روبلن کے قریب ایک اور ممکنہ بگولے کی اطلاعات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
طوفان کا تعاقب کرنے والے ماہر ایرن جے جیک نے اسے کینیڈا میں اپنی زندگی کے تین طاقتور ترین بگولوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بگولا ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں انتہائی شدت اختیار کر گیا اور کم از کم 20 منٹ تک زمین پر موجود رہا۔
انہوں نے بتایا کہ بگولے نے ایک فارم ہاؤس کو براہِ راست نشانہ بنایا، جس سے عمارت کی چھت اڑ گئی، ایک دیوار منہدم ہوگئی اور فارم کی دیگر عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد وہ گھر میں موجود افراد کی مدد کے لیے پہنچے اور ملبے سے گزر کر ان کی خیریت معلوم کی۔
راسبرن فائر ڈیپارٹمنٹ کے چیف کیلی سلون کے مطابق فارم ہاؤس میں ایک معمر میاں بیوی موجود تھے، جو محفوظ رہے، تاہم خاتون شدید صدمے کا شکار تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ اصطبل بھی تباہ ہوگیا، بڑے اسٹیل کنٹینر کھیت میں جا گرے، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور گاڑیاں الٹ گئیں۔
راسبرن میونسپلٹی کی میئر شرلی کالینیوک نے کہا کہ تباہ ہونے والا فارم ہاؤس تقریباً ایک صدی پرانا تھا اور اس کا نقصان علاقے کے تاریخی ورثے کا بھی نقصان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بگولے کی شدت کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا، تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق یہ ای ایف تھری درجے کا طاقتور بگولا ہو سکتا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مینیٹوبا میں آئندہ بھی غیر مستحکم موسمی صورتحال اور مزید شدید طوفانوں کا امکان برقرار ہے۔

