کینیڈا میں ویمنز باسکٹ بال کی تاریخ کے ساتھ WNBA کی نئی ٹیم “ٹورنٹو ٹیمپو” کا آغاز

ٹورنٹو (بین الاقوامی میڈیا)ویمنز نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (WNBA) نے پہلی بار امریکا سے باہر اپنی توسیع کے تحت کینیڈا میں نئی فرنچائز “Toronto Tempo” کا آغاز کر دیا ہے، جو اس سیزن میں اپنا ڈیبیو کرے گی۔اگرچہ یہ کینیڈا میں لیگ کی پہلی باقاعدہ ٹیم ہے، لیکن ویمنز باسکٹ بال کی تاریخ ملک میں تین دہائیوں پر محیط ہے، جہاں سے مسلسل کھلاڑی امریکی لیگ تک پہنچتی رہی ہیں۔

کینیڈا کی پہلی WNBA کھلاڑی کیلی بوچر تھیں، جنہوں نے 1998 میں شارلٹ اسٹنگ کی نمائندگی کی، جبکہ اسٹیسی ڈیلز 2002 کے ڈرافٹ میں تیسرے نمبر پر منتخب ہوئیں۔کینیڈین کھلاڑی برجٹ کارلٹن نے کہا کہ ان کے بچپن میں WNBA کینیڈا میں ٹی وی پر بھی دستیاب نہیں تھا، لیکن اب ٹورنٹو میں ٹیم کا قیام خواتین کے کھیل کے لیے بڑا سنگ میل ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ ایک بڑا موقع ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت امریکی کالجوں میں تقریباً 150 کینیڈین کھلاڑی موجود ہیں، جبکہ حالیہ برسوں میں مسلسل کینیڈین کھلاڑیوں کو WNBA ڈرافٹ میں منتخب کیا جا رہا ہے۔کینیڈین کھلاڑی کیا نرس نے کہا کہ جیسے این بی اے کی ٹورنٹو ریپٹرز نے مردوں کے کھیل کو فروغ دیا، ویسے ہی ٹورنٹو ٹیمپو خواتین کے باسکٹ بال میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کینیڈا اپنی قومی خواتین ٹیم کو بڑی حد تک WNBA کھلاڑیوں کے ذریعے تشکیل دے سکے گا۔

ٹیمپو اپنے کچھ میچز مونٹریال اور وینکوور میں کھیلے گی جبکہ کئی مقابلے ٹورنٹو کے Scotiabank Arena میں ہوں گے۔ تمام میچز کینیڈا میں TSN نیٹ ورک پر نشر کیے جائیں گے۔WNBA کمشنر کے مطابق لیگ مستقبل میں شمالی امریکا سے باہر بھی بین الاقوامی میچز کے انعقاد پر غور کر رہی ہے تاکہ کھیل کو عالمی سطح پر مزید فروغ دیا جا سکے۔