کینیڈا کی سابق نائب وزیراعظم کرسٹیا فری لینڈ کی زینب عظیم کی حمایت، میئر بننے کی دوڑ میں اہم اعلان

ملٹن (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی سابق نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ نے ملٹن کی میئرشپ کی امیدوار زینب عظیم کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ اعلان اپنے گھر میں ریکارڈ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا، جو انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں جاری کیا گیا۔

کرسٹیا فری لینڈ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اپنی دوست زینب عظیم کی حمایت کیلئے سامنے آئی ہیں۔ ان کے مطابق زینب عظیم نے نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی حیثیت سے ان کے دفتر میں کام کیا، جہاں انہوں نے رہائش، بنیادی ڈھانچے، ذرائع آمدورفت، سائنس اور جدت سے متعلق امور پر کام کیا۔ فری لینڈ نے کہا کہ یہ تمام شعبے ملٹن کے شہریوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

زینب عظیم نے کرسٹیا فری لینڈ کے دفتر میں پالیسی تحقیق کار کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں۔ سابق نائب وزیراعظم کے مطابق زینب کو وفاقی حکومت کے نظام اور وہاں کام کرنے کے طریقۂ کار کا تجربہ ہے، جس سے وہ ملٹن کے شہریوں کی زندگی بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر سکتی ہیں۔

زینب عظیم کی عمر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کرسٹیا فری لینڈ نے کہا کہ حکومت میں ایسے نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے جو ذہین، محنتی، دنیا کے بارے میں سوچ رکھنے والے اور متعلقہ شعبوں میں عملی تجربے کے حامل ہوں، تاکہ وہ عوام کی خدمت کیلئے حکومتی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔

زینب عظیم نے کہا کہ کرسٹیا فری لینڈ کے دفتر میں کام کرتے ہوئے انہوں نے سیکھا کہ وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے فیصلے ملٹن کے خاندانوں کی روزمرہ زندگی پر کیسے اثر انداز ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر وہ میئر منتخب ہوئیں تو اپنے اس تجربے کو شہر کی ترقی کیلئے استعمال کریں گی اور ذرائع آمدورفت، اسپتال اور تعلیمی مرکز کے منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں کو ملٹن کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گی۔

زینب عظیم کو اس سے قبل ہارورڈ یونیورسٹی سے وابستہ مارشل گینز، ارکان پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد اور سیما اکان، سابق رکن پارلیمنٹ برائن مے اور سابق میئر و اونٹاریو کابینہ کی سابق وزیر کیتھرین میک گیری کی حمایت بھی حاصل ہو چکی ہے۔

ملٹن میں پرورش پانے والی زینب عظیم پیشے کے اعتبار سے معلمہ ہیں۔ وہ ہارورڈ میں تدریسی معاونت سے وابستہ رہ چکی ہیں اور انہیں 2022ء میں ملٹن کی شہری شخصیت کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔ ان کی انتخابی مہم کے تین بنیادی نکات میں مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا، ہر 20 منٹ بعد آمدورفت کی سہولت فراہم کرنا اور شام کے بعد بھی شہر میں سرگرمیوں کو فروغ دینا شامل ہیں۔

ملٹن میں بلدیاتی انتخابات 26 اکتوبر 2026ء کو ہوں گے۔ انتخابی اعلان کے مطابق وارڈز میں قائم پولنگ مراکز صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔ زینب عظیم کے انتخابی منشور اور حمایت کرنیوالی شخصیات کی مکمل تفصیلات ان کی انتخابی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔