کیپ ورڈی کے گول کیپر دیوار بن گئے، اسپین پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیم کو نہ ہرا سکا

اٹلانٹا ( فیفا، بین الاقوامی اسپورٹس میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک مرتبہ کی عالمی چیمپئن اسپین اپنی بھرپور برتری کے باوجود پہلی بار ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی کیپ ورڈی کو شکست دینے میں ناکام رہی اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں اسپین نے گیند پر زیادہ دیر تک کنٹرول برقرار رکھا اور مسلسل حملے کیے، تاہم کیپ ورڈی کے گول کیپر وزینا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کے تمام حملے ناکام بناتے رہے۔

اسپین نے میچ کے دوران دو درجن سے زائد مرتبہ گول کرنے کی کوشش کی، جن میں سے سات شاٹس براہِ راست گول کی جانب گئے لیکن کیپ ورڈی کے گول کیپر نے عمدہ بچاؤ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو گول کھانے سے محفوظ رکھا۔

کیپ ورڈی کی دفاعی لائن نے بھی منظم کھیل پیش کیا اور اسپین کے فارورڈز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، جس کے باعث میچ بغیر کسی گول کے اختتام پذیر ہوا۔یہ نتیجہ کیپ ورڈی کیلئےتاریخی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ٹیم نے اپنی پہلی ورلڈ کپ شرکت میں مضبوط حریف اسپین کو فتح سے محروم کر دیا۔