ممبئی(بھارتی میڈیا، خبر ایجنسیاں) فلم گجنی اور لگان سمیت متعدد کامیاب فلموں میں یادگار کردار ادا کرنے والے معروف بھارتی اداکار پردیپ راوت 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پردیپ راوت کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
اداکار کے منیجر سدھارتھ تیواری نے میڈیا کو بتایا کہ پردیپ راوت کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، جو دوبارہ شدت اختیار کر گیا تھا، اور وہ چند گھنٹے قبل انتقال کر گئے۔مرحوم اپنے پس ماندگان میں اہلیہ اور بیٹے وکرم آدتیہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
فلم لگان میں ان کے ساتھ کام کرنے والے اداکار یشپال شرما نے انسٹاگرام پر پردیپ راوت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔پردیپ راوت نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز بی آر چوپڑا کے شہرۂ آفاق تاریخی ٹی وی سیریل مہابھارت میں اشوتھاما کا کردار ادا کرکے کیا، جس سے انہیں ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔
بعد ازاں انہوں نے فلموں کا رخ کیا اور اپنی گمبھیر آواز اور جاندار اداکاری کے باعث منفی کرداروں کیلئے فلم سازوں کی اولین پسند بن گئے۔انہوں نے عامر خان کی بلاک بسٹر فلم گجنی میں خوفناک ولن، لگان میں دیوا، جبکہ راؤڈی راٹھور اور جنوبی بھارتی سپر ہٹ فلم سائے سمیت متعدد فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں اور ناقدین کو متاثر کیا۔

