برامپٹن (نمائندہ خصوصی) کینیڈین حکومت نے گریٹر ٹورنٹو ایریا میں 31 کاروباری اداروں اور تنظیموں کی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے تقریباً 26 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل جدت کے وزیر اور وفاقی اقتصادی ترقیاتی ایجنسی برائے جنوبی اونٹاریو کے ذمہ دار وزیر ایون سولومن نے صدر ٹریژری بورڈ اور برامپٹن چنگواسی پارک کے رکن پارلیمنٹ شفقت علی کے ہمراہ کیا۔
حکومت کے مطابق یہ سرمایہ کاری علاقائی ٹیرف ردعمل اقدام کے تحت کی جارہی ہے، جس کے ذریعے کاروباری اداروں کو نئی ٹیکنالوجی اختیار کرنے، پیداواری صلاحیت بڑھانے، رسد کے نظام کو مضبوط بنانے اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دی جائے گی۔
حکومت نے کہا کہ گریٹر ٹورنٹو ایریا کینیڈا کے اہم ترین معاشی مراکز میں شامل ہے، جہاں ہزاروں جدید کاروباری ادارے اور ہنرمند کارکن معاشی ترقی، نئی ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملکی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کررہے ہیں۔ جاری ٹیرف دباؤ اور تجارتی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر حکومت کاروباری اداروں کو نئی سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت بڑھانے میں معاونت فراہم کررہی ہے۔
اعلان کے مطابق برامپٹن میں قائم تجارتی اور صنعتی فولادی دروازے اور فریم تیار کرنے والی کمپنی ڈے بار انڈسٹریز لمیٹڈ 12 ملین ڈالر سے زائد مالیت کا منصوبہ شروع کرے گی، جس کیلئے وفاقی اقتصادی ترقیاتی ایجنسی 700 ہزار ڈالر فراہم کرے گی۔ منصوبے کے تحت کمپنی اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور نئی منڈیوں میں داخل ہونے کیلئے اقدامات کرے گی۔
وزیر ایون سولومن نے کہا کہ ٹیرف گریٹر ٹورنٹو ایریا کے کاروباری اداروں اور کارکنوں پر حقیقی دباؤ ڈال رہے ہیں، اس لیے 31 مقامی کمپنیوں اور تنظیموں کو کینیڈین پیداوار میں سرمایہ کاری، مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے اور نئے صارفین تک رسائی کیلئے معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
شفقت علی نے کہا کہ مضبوط مقامی کاروباری ادارے مضبوط کمیونٹیز کی بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق یہ سرمایہ کاری برامپٹن اور گریٹر ٹورنٹو ایریا میں کاروباری اداروں کو ترقی دینے، اچھی اجرت والی ملازمتیں پیدا کرنے اور شہریوں و خاندانوں کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گی۔
ڈے بار انڈسٹریز لمیٹڈ کے صدر مارک ڈوڈسن نے کہا کہ علاقائی ٹیرف ردعمل اقدام کے تحت ملنے والی معاونت کینیڈین صنعت کاروں کو مسابقتی رکھنے کیلئے اہم ہے اور اس سے کمپنی کو معیاری مصنوعات اور خدمات کی فراہمی جاری رکھنے کے ساتھ ملازمین اور ان کے خاندانوں کیلئے ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
کینیڈین حکومت کے مطابق 25 اگست 2026ء کو اعلان کیے گئے 7.5 ارب ڈالر کے پیکیج میں علاقائی ٹیرف ردعمل اقدام کیلئے مزید 1.5 ارب ڈالر شامل کیے گئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں علاقائی ترقیاتی اداروں کے ذریعے اس اقدام کے تحت مجموعی سرمایہ کاری 3.45 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔
حکومت کے مطابق اہل کاروباری ادارے مجموعی طور پر 3 ملین ڈالر تک ناقابل واپسی مالی معاونت حاصل کرسکتے ہیں، جس میں ثابت شدہ نقدی ضروریات کیلئے 2 ملین ڈالر تک اور کاروباری سمت میں تبدیلی کے منصوبے کیلئے 1 ملین ڈالر تک شامل ہیں۔
حکومت نے بتایا کہ گریٹر ٹورنٹو ایریا میں معاونت حاصل کرنے والے 31 اداروں میں اے پی ایس میٹل انڈسٹریز، ایکسیوم پلاسٹکس، باروکو کافی، برینن اسٹیل، برینٹ وڈ کلاسکس، کینیڈا اسموکڈ فش، ڈے بار انڈسٹریز، ایکسو انجینئرنگ، فیچر فوڈز انٹرنیشنل، فیوچر اسٹیل بلڈنگز، پاک فیکٹری، سائنالائٹ اور ٹیکنیکل اسٹیل سمیت دیگر کاروباری ادارے اور تنظیمیں شامل ہیں۔
کینیڈین حکومت نے کہا ہے کہ علاقائی ترقیاتی اداروں کے ذریعے اضافی 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا مقصد ٹیرف دباؤ کے باعث پیدا ہونے والے مالی مسائل سے نمٹنے، کاروباری مسابقت بڑھانے، نئی منڈیوں میں تنوع پیدا کرنے اور بدلتی عالمی معیشت میں کاروباری اداروں کو زیادہ مضبوط بنانے میں مدد دینا ہے۔

