نیویارک (اقوام متحدہ) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران شروع ہونے والی جنگوں کے خوفناک اور تباہ کن نتائج برآمد ہوئے، جن میں سب سے زیادہ عام شہری متاثر ہوئے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ جنگوں کے دوران انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں اور بھوک کو بھی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صرف عسکری طاقت کے ذریعے امن اور اقتصادی استحکام قائم نہیں کیا جاسکتا، دنیا کو جنگوں کے تباہ کن اثرات سے نکلنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے فلسطینی سرزمین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہونے والی تباہ کاری پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر سے نسل کشی کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات ناگزیر ہیں اور عالمی ادارے کو موجودہ عالمی حالات کے مطابق مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

