پشاور (نمائندہ خصوصی) گرمی اور 31 اگست سے 4 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور گلیشیئر جھیلوں کے حجم و پانی کی سطح میں اضافے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو گلاف کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو گلاف کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حساس مقامات پر انخلا کی مشقیں کرائی جائیں اور ہنگامی صورتحال کی صورت میں متاثرہ آبادی کو منتقل کرنے کے لیے محفوظ مقامات تیار رکھے جائیں۔

