زیورخ / واشنگٹن(بین الاقوامی میڈیا، امریکی حکام)گوگل کے ایک ملازم کو خفیہ اندرونی سرچ ڈیٹا کے غلط استعمال اور کرپٹو بیٹنگ پلیٹ فارم پر غیر قانونی منافع کمانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔امریکی حکام کے مطابق 36 سالہ اطالوی شہری مشیلے سپاگنولو پر الزام ہے کہ انہوں نے گوگل کی اندرونی معلومات استعمال کرتے ہوئے بیٹنگ پلیٹ فارم پولی مارکیٹ پر شرطیں لگائیں اور تقریباً 11.5 کروڑ روپے کے برابر رقم کمائی۔
رپورٹس کے مطابق ملزم 2014 سے گوگل کے زیورخ دفتر میں تعینات تھا اور اس نے 2025 میں سب سے زیادہ سرچ ہونے والی شخصیت سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کر کے شرط لگائی۔حکام کا کہنا ہے کہ مشیلے سپاگنولو نے امریکی گلوکار ڈی فور وی ڈی (D4vd) سے متعلق درست پیشگوئی کی، جس کے بارے میں اس وقت مارکیٹ میں امکانات انتہائی کم سمجھے جا رہے تھے۔
ڈی فور وی ڈی پر 14 سالہ لڑکی کے قتل کا الزام بھی عائد ہے، جس کے بعد ان کا نام عالمی خبروں میں نمایاں ہوا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ملزم نے گوگل کے تجارتی اہمیت کے حامل خفیہ ڈیٹا کا غلط استعمال کیا اور اسی بنیاد پر بھاری مالی فائدہ حاصل کیا۔
گوگل کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متعلقہ ملازم کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل بھی امریکی اسپیشل فورسز کے ایک اہلکار پر اسی نوعیت کے الزامات سامنے آ چکے ہیں، جس نے خفیہ معلومات کے ذریعے بیٹنگ پلیٹ فارم پر بڑی رقم کمائی تھی۔

